مذکورہ تصویر میں چند
لوگ مزار پر چادر پیش کر رہے ہیں، ایک شخص مزار کو بوسہ دے رہا ہے، جبکہ دوسری
جانب چند افراد ایک بزرگ کے ہاتھ اور پاؤں کا بوسہ لے رہے ہیں۔
ان تمام امور کا ایک ہی
حکم نہیں ہے، بلکہ ہر عمل کا الگ شرعی حکم ہے، جس کی تفصیل درج ذیل ہے:
1۔ سجدۂ عبادت
سجدۂ عبادت صرف اور صرف
اللہ تعالیٰ کا حق ہے۔ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی نبی، ولی، فرشتے، بزرگ یا کسی بھی
مخلوق کو عبادت کی نیت سے سجدہ کرنا صریح شرک اور کفر ہے۔
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
﴿فَاسْجُدُوا لِلّٰهِ
وَاعْبُدُوا﴾
"پس اللہ ہی کو سجدہ کرو اور اسی کی عبادت کرو۔" (سورۃ
النجم: 62)
2۔ سجدۂ تعظیم
سجدۂ تعظیم وہ ہے جو
عبادت کی نیت سے نہیں بلکہ احترام اور تعظیم کے طور پر کیا جائے۔
یہ سابقہ امتوں میں
جائز تھا، جیسا کہ حضرت یوسف علیہ السلام کے والدین اور بھائیوں نے حضرت یوسف علیہ
السلام کو سجدۂ تعظیم کیا تھا۔ لیکن شریعتِ محمدیہ ﷺ میں سجدۂ تعظیم منسوخ اور حرام ہے۔
حضرت معاذ بن جبل رضی
اللہ عنہ ملك شام سے واپس آئے تو انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو سجدہ کیا۔ آپ
ﷺ نے فرمایا: "ایسا نہ کرو، اگر میں کسی کو اللہ کے علاوہ سجدہ کرنے کا حکم
دیتا تو عورت کو حکم دیتا کہ وہ اپنے شوہر کو سجدہ کرے۔" (سنن
ابن ماجہ، جامع ترمذی، مسند احمد)
اس حدیث سے معلوم ہوا
کہ کسی انسان کو تعظیم کے طور پر بھی سجدہ کرنا جائز نہیں۔
لہٰذا اگر کوئی شخص سجدۂ
تعظیم کرے تو وہ گناہِ کبیرہ کا مرتکب ہوگا، لیکن جب تک اس کی نیت عبادت کی نہ ہو،
اسے کافر یا مشرک نہیں کہا جائے گا۔
3۔ علماء، اولیاء اور بزرگوں کے ہاتھ یا پاؤں کا بوسہ لینا
اہلِ سنت و جماعت کے
نزدیک والدین، علماء، مشائخ اور اولیائے کرام کے ہاتھ کا بوسہ ادب و احترام کی نیت
سے لینا جائز بلکہ بعض صورتوں میں مستحب ہے۔
حضرت زارع بن عامر رضی
اللہ عنہ فرماتے ہیں:
"ہم دوڑتے ہوئے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور آپ ﷺ کے
دستِ مبارک اور قدمِ مبارک کو بوسہ دیا۔"
(الادب المفرد للإمام
البخاری، حدیث: 975، سنن ابی داؤد، کتاب الأدب، والسنن الکبریٰ للبیہقی)
اعلیٰ حضرت امام احمد
رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ صالح نیت کے ساتھ علماء اور اولیاء کے ہاتھ یا
قدم کا بوسہ لینا: "مستحب، مندوب، مسنون اور محبوب ہے۔"(فتاویٰ
رضویہ)
لہٰذا کسی عالمِ دین، پیرِ
کامل یا بزرگ کے ہاتھ یا قدم کا بوسہ محض ادب و محبت کی نیت سے لینا جائز ہے، بشرطیکہ
اس میں غلو، فتنہ یا ناجائز عقیدہ شامل نہ ہو۔
4۔ مزار پر چادر پیش
کرنا
اولیائے کرام کے مزارات
پر چادر پیش کرنا اہلِ سنت کے نزدیک فی نفسہٖ ناجائز نہیں، بشرطیکہ اس کے ساتھ کوئی
خلافِ شرع عقیدہ یا رسم شامل نہ ہو۔
البتہ بہت سے علماء نے یہ
بھی فرمایا ہے کہ اگر مزار پہلے ہی مناسب چادر سے مزین ہو تو نئی چادر چڑھانے کے
بجائے اس کی قیمت غریبوں، مساجد یا دینی کاموں میں خرچ کرنا زیادہ بہتر ہے، کیونکہ
اس میں زیادہ نفع اور ثواب ہے۔
5۔ مزار کو بوسہ دینا
مزار یا قبر کو بوسہ دینے
کے مسئلے میں اہلِ علم کے درمیان تفصیل پائی جاتی ہے۔
بعض علماء نے ادب و
محبت کی نیت سے اس کی گنجائش بیان کی ہے، جبکہ بہت سے علماء نے احتیاط کا قول اختیار
کرتے ہوئے اس سے بچنے کو بہتر قرار دیا ہے، تاکہ عوام میں غلو یا غلط فہمی پیدا نہ
ہو اور ایسے افعال سے اجتناب رہے جو عبادت سے مشابہ معلوم ہوں۔
امام اہل سنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ
فرماتے ہیں:” اس مسئلہ میں بہت اختلاف ہے۔ بکثرت اکابر جواز و منع دونوں طرف ہیں
اور عوام کے لئے زیادہ احتیاط "منع" میں ہے۔ خصوصا مزارات طیبہ اولیاء کرام پر کہ ان کے اتنا قریب
جانا ادب کے خلاف ہے۔ کم از کم چار ہاتھ فاصلے سے کھڑا ہو۔ “(فتاوی رضویہ ،جلد 22
،صفحہ 419 ، رضا فاؤنڈیشن ، لاہور)
لہٰذا احتیاط اسی میں
ہے کہ مزارات کی زیارت ادب و احترام، سلام، دعا اور ایصالِ ثواب تک محدود رکھی
جائے اور ایسے افعال سے بچا جائے جن سے اختلاف یا فتنہ پیدا ہو۔
بالوں میں سیاہ رنگ لگانے کا شرعی حکم - Balon Mein Black Color Lagane Ka Shara'i Hukm